پاک امریکا 70 سالہ تعلقات ایک ہفتے یا مہینے میں ختم نہیں ہوسکتے، مشیر ٹرمپ

6

ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات جلد معمول پر آنے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ  دونوں ممالک کے 70 سالہ تعلقات ایک ہفتے یا ایک مہینے میں ختم نہیں ہوسکتے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے مسلم کمیونٹی ساجد تارڑ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر بالکل مایوس نہیں ہوں، کچھ چھوٹے قد کے سیاستدان پاک امریکا تعلقات پر اپنی دکانداری چمکا رہے ہیں لیکن امریکا میں مقیم پاکستانی غلط فہمیاں دور کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ مشیر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دونوں شہریوں کے مفاد میں ہیں اور 70 سالہ تعلقات ایک ہفتے یا ایک مہینے میں ختم نہیں ہوسکتے جب کہ حساس معاملات پر پاکستانی سیاستدان انتشار کے بجائے احتیاط سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کی امداد بند نہیں بلکہ معطل کی ہے جب کہ دونوں ممالک نے مختلف آپشنز پر غور کیا ہے۔

واضح رہے امریکی صدر نے ایک ٹوئٹ میں پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ ہم سے اربوں ڈالر امداد لینے کے باجود پاکستان نے امریکا سے جھوٹ بولا اور دھوکا دیا جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کی سیکیورٹی امداد بھی معطل کردی تھی جس پر پاکستان کی جانب سے سخت رد عمل دیا گیا ہے۔