شریفوں اور ان کے کرپٹ حواریوں کو فرار کا موقع نہیں دیں گے،عمران خان

10

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شریفوں اور ان کے کرپٹ حواریوں کو فرار کا موقع نہیں دیں گے جب کہ قومی مجرموں کو جیلوں میں ڈال کر ان سے قوم کا پیسہ نکلوائیں گے۔ 

اسلام آباد میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی بار میں ہارا ہوں پاکستان کی تاریخ میں کوئی نہیں ہارا جب کہ ایسا نہیں ہوتا کہ باپ لیڈر ہو اور بیٹا بھی لیڈر بن جائے البتہ حیران کن بات یہ ہے کہ ایک بچے نے پہلی بار الیکشن لڑا اور 91 ہزار ووٹ حاصل کیے۔

عمران خان نے کہا کہ لودھراں میں شکست کے بعد اب سوچ لیا ہے کہ آگے کیا کرنا ہے، اپنے آئندہ پلان کیلئے 350 نوجوان درکار ہیں جب کہ جھوٹا انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا کیوں کہ عزت اور ذلت کے سارے فیصلے اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کرتی ہے اور تحریک انصاف کی جدو جہد کو اللہ تعالیٰ نے ثمر بار کیا ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ظالم اور کرپٹ سیاستدانوں سے سیاست آزاد کروائے بغیر پاکستان کا استحکام اور ترقی ممکن نہیں کیوں کہ قوم کے وسائل لوٹ کر شریفوں اور زرداریوں نے قوم کو غریب بنایا ہے، اداروں کو ان کے آئینی کردار سے روکنے کے لیے بےشمار حملے کئے گئے جب کہ چوری شدہ دولت بچانے کے لیے کرپٹ سیاست دانوں کی جانب سے ملک میں انتشار کی کوششیں کی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم شریفوں اور ان کے کرپٹ حواریوں کو فرار کا موقع نہیں دیں گے، قومی مجرموں کو جیلوں میں ڈالیں گے اور ان سے قوم کا پیسہ نکلوائے گے، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی کارکردگی کا پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے جب کہ پی ٹی آئی اس مرتبہ پنجاب اور دیگر صوبے بھی تبدیلی کا حصہ بنے گی۔