پہلے عدلیہ کو بحال کیا، اب عدل کی تحریک چلائیں گے: نواز شریف

9

لاہور: (فلک نیوز) سابق وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ سازشیوں نے اقامہ کو بنیاد بنا کر نکالا لیکن کوئی ثبوت نہیں ملا تو ریفرنس پر ریفرنس بنائے جا رہے ہیں۔ پہلے عدلیہ کو بحال کیا، اب عدل کی تحریک چلائیں گے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء میں محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ سازشیوں نے اقامہ کو بنیاد بنا کر نکالا، اب کوئی ثبوت نہیں ملا تو ریفرنس پر ریفرنس بنائے جا رہے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ سازشوں کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ نہ میں پریشان ہوں اور نہ آپ پریشان ہوں۔ ماضی گواہ ہے کہ ہم نے پہلے عدلیہ کو بحال کیا، اب عدل کو بحال کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آئندہ انتخابات میں بھی ن لیگ کو کامیابی ملے گی۔ سابق وزیرِ اعظم کا ضمنی الیکشن میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں لودھراں کے عوام کا شکریہ خود ادا کرنے جاؤں گا۔