عمران خان نے بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کرلی

21

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تیسری شادی کرلی ان کے نکاح کی تصاویر منظر عام پر آگئیں۔

فلک نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دو شادیوں کے بعد تیسرا نکاح کرلیا جو کہ بشریٰ وٹو نامی ان ہی خاتون سے ہوا ہے جن سے نکاح کی کچھ دن قبل افواہیں زیر گردش تھیں۔

پی ٹی آئی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے نکاح کی تصاویر جاری کردی ہیں جس میں عمران خان کے پولیٹیکل سیکریٹری عون چوہدری اور دوست ذلفی بخاری بھی موجود ہیں جنہوں نے گواہان کا کردار ادا کیا جب کہ نکاح مفتی سعید نے پڑھایا۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق یہ نکاح لاہور میں ہوا۔

عمران خان کی تیسری زوجہ بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی خاتون بشریٰ وٹو کا تعلق پاک پتن سے ہے۔ تصاویر میں دیکھا جائے تو عمران خان کی بہنیں اور دیگر عزیز وہاں موجود نہیں صرف ان کے دو دوست وہاں نظر آرہے ہیں۔

فلک نیوز سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ نکاح لاہور میں آج شام کو ہوا جس کے لیے عمران خان آج ہی لاہور روانہ ہوئے، یہ نکاح  سادگی سے ہوا مزید معلومات جلد سامنے آجائیں گی۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے شادی کا پیغام بھیجا ہوا تھا جسے قبول کیے جانے کا انتظار تھا جس کے بعد آج لاہور میں نکاح کی تقریب کا اہتمام بشریٰ بی بی کے بھائی کی رہائش گاہ پر کیا گیا جو کہ سادگی سے ہوا اور اس میں عمران خان کی اہلیہ کی والدہ سمیت دیگر اقرباء شریک ہوئے، امید ہے ولیمہ بھی سادگی سے ہوگا۔

یاد رہے کہ یہ عمران خان کی تیسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی جمائما گولڈ اسمتھ اور دوسری شادی صحافی ریحام خان سے کی ، جمائما سے شادی 10 سال چلی جس سے دو بیٹے ہوئے بعدازاں ریحام خان سے شادی ہوئی جو کچھ ہی عرصہ قائم رہی۔