چراغ تلے اندھیرا‘ بھارتی کرکٹرز ڈیلی الاؤنس سے محروم

7

امیرترین بھارتی بورڈ نے کرکٹرز کو ڈیلی الاؤنس کیلیے ترسا دیا، زونل کرکٹ کیمپ میں شریک 125 کھلاڑی اور 45 کوچز اپنی جیب سے خرچہ کرنے پر مجبور ہوگئے۔

اس وقت بھارت میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے تحت پانچ سینٹرز ممبئی، کیرالا، رانچی، چندی گڑھ اور ناگپور میں انڈر 16 کرکٹرز کیلیے زونل کرکٹ کیمپ لگایا ہوا ہے، جس میں 125 کھلاڑی اور ان کو ٹریننگ دینے کیلیے 45 کوچز اور دیگر اسٹاف موجود ہے، سب کو یومیہ 1500 روپے الاؤنس ملنا ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا ہے۔

ایک کوچ کا کہنا ہے کہ کیمپ شروع ہونے سے قبل ہی کوچز کو خصوصی کیش کارڈز دیے گئے تھے جس سے وہ یومیہ 50 ہزار روپے تک نکال سکتے اور یومیہ الاؤنس کی مدد میں کھلاڑیوں میں تقسیم کرتے مگر بی سی سی آئی کی جانب سے رقم ڈیپازٹ ہی نہیں کی گئی، جب بھی پوچھتے ہیں تو جواب ملتا ہے کہ کل کرادی جائے گی مگر ابھی تک رقم نہیں آئی۔