نواز شریف سے وزیراعظم کی ملاقات،چیرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال

12

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں چیرمین و ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

فلک نیوز کے مطابق لاہور میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی جس میں چیرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیرمین کے انتخاب کےلیے تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ ملاقات میں اتحادی جماعتوں سے رابطوں پر غور اور نئی حلقہ بندیوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد کوئی بھی سیاسی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکی ہے اس لیے نئے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سیاسی جوڑ توڑ اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان کے منتخب آزاد سینیٹرز نے خود کو اوپن قرار دے دیا ہے اور تمام جماعتوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چیئرمین سینٹ کے امیدوار راجہ ظفرالحق ہو سکتے ہیں، اس سلسلے میں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان در پردہ رابطوں کے بعد دونوں جماعتوں نے سینیٹ چیئرمین کے لیے متفقہ امیدوار میدان میں لانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔