شمالی کوریا کے سربراہ کی چینی صدرسے ملاقات

17

شمالی کوریا نے سربراہ کم جونگ اُن کے دورہ چین کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدرشی جن پنگ کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے سربراہ کم جونگ اُن کے دورہ چین کی تصدیق کردی۔ کم جونگ اُن کی چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہوئی۔

ملاقات میں شمالی کوریا کے سربراہ نے کہا کہ اگرجنوبی کوریا اور امریکا ان کی کوشش کا خیرسگالی کے ساتھ جواب دے اور امن اور استحکام کا ماحول تیار کرے تو جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ نے اپنے چینی ہم منصب کو جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے عزم پر قائم رہنے کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے سربراہ کی جانب سے بھی چینی صدرکو دورہ شمالی کوریا کی دعوت دی گئی جو قبول کرلی گئی۔

واضح رہے کہ سربراہ شمالی کوریا کا 2011 میں برسراقتدارآنے کے بعد یہ پہلاغیرملکی دورہ ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغازمیں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملاقات کی دعوت دی گئی تھے جو امریکی صدرکی جانب سے قبول کرلی گئی تھی۔