پاک ناروے کلچرفورم کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد، بچوں کی پُرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔

23

اوسلو(عقیل قادر) پاک ناروے کلچر فورم اوسلو کے نواحی علاقہ بیروم میں یوم پاکستان کی ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی جس میں خواتین و حضرات اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔ تقریب کا آغاز ریحان احمد رمضان نے تلاوت قرآن سے کیااور نعت رسول مقبولﷺ تحریم احمد احتشام نے پیش کی جبکہ قومی ترانہ کے احترام میں تمام احباب نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ سنا۔پروگرام کے مہمان خصوصی احتشام احمد تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر ساجد، شکیل اختر اور عقیل قادرنے یوم پاکستان کی اس تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاک ناروے کلچر فورم کے قیا م پر صدر ذوالفقار علی اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاک ناروے کلچر فورم کے صدر ذوالفقار علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فورم کے قیام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس فورم کے ذریعے وہ بچوں میں پاکستان اور دین اسلام کی محبت کو فروغ دیں گے تاکہ انکو کو اپنی اصل شناخت معلوم ہو سکے۔ انہوں نے اس موقع پرحاضرین سے فورم میں شمولیت اختیار کرنے کی درخواست کی اور قومی پروگراموں میں شرکت کرنے کی ترغیب دی۔تقریب میں Magic میجک شو بھی پیش کیا گیا جس سے بچے اور بڑے خوب محظوظ ہوئے۔ پروگرام میں بچوں نے بڑے ذوق و شوق سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا۔ جن بچوں نے تلاوت، نعت، نارویجن اور اردو زبان میں تقاریر،کوئیز مقابلہ، قومی و ملی نغمے، مزاحیہ خاکوں کے علاوہ گروپس کی شکل میں قوالی پیش کی ان میں عبداللہ زاہد، حلیمہ سعدیہ، حاجرہ یوسف، امن یوسف، صالح اشفاق، ریحان رمضان، داؤد شمریز، انیسہ زاہد، فاطمہ زاہد، نشاء پرویز، زینب علی، منیب غفار، تحریم احمد، عبدالرحیم، حماد حسین قادر اور دیگر شامل ہیں۔ پاک ناروے کلچر فورم کے صدر ذوالفقار علی، نائب صدر محمد پرویز، جنرل سیکریڑی عامر داد، انفارمیشن سیکریڑی چوہدری محمد نصیر بشیر، فنانس سیکریڑی شاہد خادم، محمد رمضان، محمد اشفاق، شمریز اشرف، یوسف ندیم، محمد زاہد اور محمد جبار کی طرف سے قرعہ اندازی کے ذریعے بچوں اور بڑوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔پروگرام کے آخر میں تمام مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

SHARE
Previous article
Next articleپردیس