نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کے لئے پرعزم ہیں، شہبازشریف

16

وزیراعلیٰ پنجاب و صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا نعرہ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

فلک نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑا رہا اور اپنے دورِ اقتدار میں وہاں کا ترقیاتی بجٹ وہاں کی آبادی کے تناسب سے زیادہ رکھا گیا، رواں سال جنوبی پنجاب میں 229 ارب کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں جب کہ  رواں مالی سال سالانہ ترقیاتی بجٹ کا 36 فیصد جنوبی پنجاب پر خرچ کیا جارہا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ ہم نئے صوبے کے قیام کے مطالبے کے لئے پرعزم ہیں لیکن ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے نعرے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

ملاقات کے لئے آئے اراکین اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے اور بے شمار ترقیاتی کام کرائے جس وجہ سے جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ کا ووٹ بینک بڑھا۔