حکومت کو دی گئی مہلت ختم،تحریک لبیک کےکارکنوں کا مختلف شہروں میں احتجاج شروع۔

15

لاہور ( فلک نیوز ) حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر تحریک لبیک کے کارکن مختلف شہروں میں سڑکوں پر آگئے ، کارکنوں کی جانب سے لاہور ، فیصل آباد ، راولپنڈی ،پنڈی گھیب ، خانیوال ، چیچہ وطنی ، کامونکی ، گوجر خان ، خوشاب و دیگر علاقوں میں سڑکوں پر آکر شدید احتجاج کیاجا رہا ہے ۔

لاہور میں کارکنوں نے فیروز پور روڈ بلاک کر دی  جس کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہو کر رہ گئی ، جب کہ مختلف سڑکوں پر بھی ٹریفک جام ہو گئی جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔فیروز پور روڈ پر  احتجاج کے باعث لاہور جنرل ہسپتال  جانے والے مریض اور لواحقین  سڑکوں پر ہی پھنس گئے ، گرمی نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ تحریک لبیک کے کارکنوں نے لاہور اور قصور کے درمیان اہمیت کے حامل کاہنہ نو  فیروز پور روڈ پر دھرنا دے دیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

فیصل آباد میں  تحریک لبیک کے کارکنوں نے جامعہ چشتیہ چوک میں دھرنا دیا اور شاہراہ کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ، زبردستی گزرنے کی کوشش میں کارکنوں اور راہگیروں میں جھگڑا بھی ہوا ، مشتعل مظاہرین نے  متعدد افراد پر تشدد کیا ، حالات کی نزاکت کے پیش نظر پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ۔

قصور میں تحریک لبیک کے کارکنوں نے  بائی پاس پر دھرنا  دے کر ٹریفک کو معطل  کر دیا، دھرنے کی شرکا نے نماز مغرب بھی بائی پاس پر ہی ادا کی ۔۔چیچہ وطنی میں بھی تحریک لبیک کے کارکنوں کی جانب سے  بائی پاس کو بلاک کر کے احتجاج جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

کامونکی میں تحریک لبیک کے کارکن جی ٹی روڈ پر جمع ہو گئے اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے ۔ گوجر خان میں بھی جی ٹی روڈ  کو  بلاک کر دیا ۔خانیوال میں کارکنوں نے قومی شاہراہ ماہنی سیال کے نزدیک بلاک کر دی جب کہ خوشاب میں بھی مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی جب کہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔بورے والا میں کارکنوں نے ملتان روڈ پی آئی لنک روڈ کے پل پر دھرنا دیا جبکہ گجرات میں جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک لبیک کے کارکنوں نے درہ پیزو کے مقام پر انڈس ہائی وے بلاک کر دی ،جلال پور بھٹیاں میں  کارکنان نے لاری اڈے پر دھرنا دیا اور گوجرانوالہ سرگودھا روڈ بلاک کر دی۔

گجرات میں تحریک لبیک کے دھرنے کے باعث ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، ٹریفک جام میں ایمبو لینس بھی پھنس گئی جبکہ ساہیوال میں  کارکنوں نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک کو معطل کر دیا۔

موٹر وے ایم ٹو  پنڈی بھٹیاں سے لاہور اور موٹر وے ایم تھری فیصل آباد کیلئے مکمل طور پر بند کر دی گئی ، قومی شاہراہ پکا میل ، چو ہنگ ، مو ہلنوال , جمبر، پتوکی ، ساہیوال اور چیچہ وطنی پر اجتجاج کی وجہ سے بند  ہے ، تر جمان موٹروے پولیس  کے مطابق مو ٹروے پولیس قومی شاہراہ پر متبادل راستے سے ٹر یفک کو گزار رہی ہے  ، روڈ یوزرز کسی بھی مشکل صورت میں مو ٹروے پولیس ہیلپ لائن 130پر پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔

تحریک لبیک کے کارکنوں نے حیدر آباد میں بھی مظاہرہ کیا اور حیدر چوک پر دھرنا دے دیا ،منڈی بہاؤ الدین میں کالج چوک میں احتجاج کرتے ہوئے تحریک لبیک کے کارکنوں نے  کالج چوک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔

نارووال میں احتجاج کے پیش نظر پولیس کی سخت سکیورٹی تعینات ہے اور وزیر داخلہ احسن اقبال کے گھر جانے والے  تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں ، پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری احسن اقبال کے گھر اور ڈیرے پر تعینات کر دی گئی ہے ۔