عرفان خان کے ترجمان نے اداکار کی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کردی

34

بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے ترجمان نے ان کی بگڑتی ہوئی صحت سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان کے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر کوئی توجہ نہ دیں اور اس بارے میں ’سوشل میڈیا اسٹیٹس‘ کو اُن کی صحت سے متعلق خبر سمجھنے سے باز رہیں۔

واضح رہے کہ اداکار عرفان خان نے گزشتہ ماہ ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ ’’نیورو اینڈو کرائن ٹیومر‘‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں جو آنتوں کے کینسر کی ایک قسم ہے۔ اس کے بعد سے ان کی طبیعت بگڑنے سے متعلق خبروں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آج تک جاری ہے۔

اسی سلسلے میں تازہ ترین خبر یہ آئی تھی کہ عرفان خان کینسر کے آخری مرحلے پر ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں صرف ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سے حالیہ چند دنوں کے دوران پھیلائی جانے والی یہ خبریں بالکل جھوٹ ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی کوئی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے عرفان خان کے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی صحت کے بارے میں کوئی بھی خبر تصدیق کے بغیر نہ چلائی جائے اور دوسروں کی سوشل میڈیا اپ ڈیٹس کو خبر کے طور پر تسلیم نہ کیا جائے۔

دوسری جانب عرفان خان کی بیوی ستاپا سکدار کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر اپنی بیماری سے کسی ’’جنگجو‘‘ کی طرح لڑ رہے ہیں اور ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہیں ان کے دشمنوں کی ذاتی خواہشوں کا اظہار ہیں جبکہ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔