سبزچائے: صحت اور مزا ایک ساتھ

28

یوں تو چائے دنیا بھر میں عام ہو چکی ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ چینی باشندے سب سے زیادہ چائے پیتے ہیں۔ چائے پاکستان کے کلچر میں شامل ہو چکی ہے۔ یہاں چائے اتنی زیادہ پی جاتی ہے کہ پاکستان اسے درآمد کرنے والے چند بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ چائے کی مختلف اقسام ہیںاور اسی طرح اس کے رنگ بھی طرح طرح کے ہیں۔ یہ سبز، پیلی اور کالی ہوسکتی ہے۔ سبز چائے کے بہت سے طبی فوائد ہیں۔ یہ دانتوں اور منہ کے لیے بھی مفید بتائی جاتی ہے۔ بتدریج وزن میں کمی لانے کے لیے اسے پینے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ سبز چائے کا مسلسل استعمال آپ کے وزن میں دھیرے دھیرے کمی لاتا ہے۔ اس میں حرارے یا کیلوریز شامل نہیں ہوتیں، بشرطیکہ آپ اس میں چینی نہ ملائیں۔ مزید برآں اس میں جسم کی چربی کو پگھلانے والی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں۔ چنانچہ دن میں دو سے تین کپ بغیر چینی سبز قہوہ کے پینے سے آپ کے بڑھے ہوئے وزن میں خاطر خواہ کمی واقع ہو سکتی ہے۔ سبز قہوے کا استعمال خوراک اور کھانے کے ساتھ کرنے سے نظام انہضام اور میٹابولزم تیز ہوتا ہے۔ یوں آپ کی خوراک زیادہ آسانی سے ہضم ہوتی ہے اور فالتو چربی بھی گھل جاتی ہے جس سے وزن میں کمی یا اس میں اضافہ روکنا ممکن ہوتا ہے۔ سبز چائے وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر، بلڈ پریشر، ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض اور مدافعتی نظام میں پیدا ہونے والی خرابیوں سے بھی بچاتی ہے۔ اس کے علاوہ دل کے عارضے اور ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔