آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں پاکستان نے 310 رنز پر اننگ ڈکلیئر کردی

19

پاکستان نے آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹ پر 310 رنز بناتے ہوئے پہلی اننگ ڈکلیئر کر دی جب کہ آئر لینڈ کی 4 وکٹیں محض 7 رنز پر گر گئیں۔

ڈبلن میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز دوپہر کے کھانے کے وقفے پر میزبان آئر لینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور اس کی 4 وکٹیں محض 7 رنز پر گر چکی ہیں۔ ایڈ جوائس (4) محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اینڈی بلبرینی اور نیل او برائن بغیر کوئی رن بنائے محمد عباس کی گیند پر وکٹوں کے سامنے آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عامر نے کپتان ولیم پورٹ فیلڈ کو ایک رن پر کلین بولڈ کر دیا۔

قبل ازیں پاکستان نے 6 وکٹ پر 268 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو شاداب خان (55) مورٹیگ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، فہیم اشرف (83) رنز پر پویلین لوٹے، وہ تھامسپن کی گیند پر وکٹ کیپر کا کیچ بنے، محمد عامر (13) مرٹیگ کی گیند وکٹوں کے پیچھے اوبرائن کو تھمائی، محمد عباس 4 اور راحت علی بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے جب پاکستان نے 9 وکٹ پر 310 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کر دی۔ آئر لینڈ کی جانب سے ٹم مورٹیگ نے 4، سٹورٹ تھامپسن نے 3 جبکہ بوائڈ رینکن نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔