مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما ذوالفقار کھوسہ پی ٹی آئی میں شامل

18

مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔

فلک نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کئی روز سے سردار ذوالفقار کھوسہ کو پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے قائل کررہے تھے۔ ان کی کامیابی کے بعد عمران خان دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں ذوالفقار کھوسہ کی رہائش گاہ پہنچے۔

عمران خان سے ملاقات کے دوران سردار ذولفقار کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ ذوالفقار کھوسہ کے ساتھ ان کے بیٹے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ اور دیگر اہل خانہ بھی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ذوالفقار کھوسہ کا مسلم لیگ (ن) میں ایک مقام تھا، ہم ذوالفقار کھوسہ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ذوالفقار کھوسہ کا شمار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں میں ہوتا تھا، وہ پنجاب کے گورنر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں تاہم اپنے آبائی علاقے میں روایتی انتخابی حریف فاروق لغاری مرحوم کے بیٹے اویس لغاری کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد پارٹی قیادت سے ان کے شدید اختلافات ہوگئے تھے۔