مستونگ میں خود کش حملہ، سراج رئیسانی سمیت 70 افراد جاں بحق

8

مستونگ: (فلک نیوز) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں انتخابی قافلے پر خود کش حملہ، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی سمیت 70 افراد جاں بحق، 100 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مستونگ میں انتخابی قافلے پر ہونے والے خود کش حملے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی سمیت 70 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ سراج رئیسانی سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی ہیں۔

خود کش حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈی پی او مستونگ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد حملے میں سراج رئیسانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ چھٹی پر موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کو واپس طلب کر لیا گیا ہے۔ ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ کے مطابق مستونگ دھماکے کے متعدد زخمیوں کو یہاں منتقل کیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

خیال رہے کہ نوابزادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار تھے اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

ادھر مستونگ واقعہ کے تناظر میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے زیرِ صدارت ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس میں صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے حکام شریک ہونگے۔

وزیرِاعظم ناصر الملک اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مستونگ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت دیگر افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امدادی دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے بھی سراج رئیسانی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں مرنے والوں کے ساتھ اظہارِ افسوس اور تعزیت کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مستونگ بلوچستان واقع کا نوٹس لیتے ہوئے نگران وزیرِاعلیٰ بلوچستان، آئی جی اور چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود کیوں سیکیورٹی کا مناسب انتظام نہیں کیا جاتا؟ انہوں نے تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کرنے اور الیکشن کیلئے ماحول پرامن اور سازگار بنانے کی ہدایت کی ہے۔