نظام شمسی سے باہر زمین جیسے 219 سیارے دریافت

14

امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے سیاروں کی دریافت کے لیے بھیجے گئے خلائی مشن کیپلر نے نظام شمسی سے باہر مزید 219 سیارے دریافت کرلیے جن میں سے کم سے کم 10 سیارے ایسے ہیں جو زمین کے برابر ہیں اور وہ زندگی کے لیے موزوں ہوسکتے ہیں۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کے سربراہ ماریو پیریز نے کیلی فورنیا کے ایمز ریسرچ سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نئے دریافت ہونے والے سیاروں میں سے 10 سیارے زمین کے برابر ہیں جن کی سطح پتھریلی ہےاور وہ اپنے ستارے سے اتنے فاصلے پر چکر لگارہے ہیں کہ اگر وہاں پانی موجود ہوا تو مائع شکل میں ہوگا جس کا مطلب یہ ہوگا کہ یہاں زندگی ہوسکتی ہے۔

ان نئے 219 سیاروں کی دریافت کے بعد کیپلر کی جانب سے ڈھونڈے گئے سیاروں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 34 ہوگئی ہے جن میں سے 2 ہزار 335 کی بطور سیارہ تصدیق ہوچکی ہے۔اس مشن کے تحت زمین کے برابر 30 سیارے بھی دریافت کیے گئے ہیں۔