پریانکا چوپڑا کی سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے معذرت

18

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے ساتھ فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘، ’سلام عشق‘ اور’ گوڈ تسی گریٹ ہو‘ میں کام کرنے والی بھارت کی صف اول کی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے آج کل ہالی ووڈ میں چرچے ہیں جہاں وہ مشہور امریکی سیریز ’کوانٹیکو‘ میں مصروف ہیں تاہم انہوں نے سلمان خان کے مدمقابل فلم ’بھارت‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں واپسی کا اعلان کیا تھا۔

بالی ووڈ کی اداکار و ہدایت کی کامیاب جوڑی عباس ظفر اور سلمان خان انڈسٹری کو ’سلطان‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ جیسی بلاگ بسٹر فلمیں دے چکے ہیں اور اب وہ فلم ’بھارت‘ کرنے جارہے ہیں جس کے لیے سلو میاں کے مدمقابل پریانکا چوپڑا کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا اور اداکارہ نے بھی فلم کرنے کی حامی بھرلی تھی لیکن اب انہوں نے اس پروجیکٹ سے معذرت کرلی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا کی اپنے دوست امریکی گلوکار نک جونز سے منگنی کی خبریں زیرگردش ہیں اور کہا جارہا ہے کہ وہ اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی اور اسی وجہ سے انہوں نے سلمان خان کے ساتھ فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے انکار کیا۔

فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا کے فیصلے کی نہ صرف تصدیق کی بلکہ ان کو مبارکباد بھی دی۔

چند رپورٹس میں پریانکا چوپرا کی فلم ’بھارت‘ نہ کرنے کی دیگر وجوہات بتائی گئی ہیں جن کے مطابق اداکارہ سلمان خان کے مدمقابل کام کے لیے بہت پرجوش تھیں اور انہوں نے اگلے ماہ شوٹنگ کی تیاریاں بھی شروع کردی تھیں تاہم جیسے جیسے فلم کی کاسٹ بڑھتی گئی پریانکا کی پریشانی میں اضافہ ہوتا گیا اور ایک سے زائد اداکاراؤں کی فلم میں شمولیت کے باعث انہوں نے فلم کرنے سے معذرت کی، پریانکا کے انکار کے بعد اب کترینا کیف کو فلم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی کے علاوہ دیشا پٹانی، تبو، سنیل گروور بھی شامل ہیں جب کہ فلم 2019 میں ریلیز کی جائے گی۔