چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے استعفیٰ دے دیا

22

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کو بھی گورننگ بورڈ سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا استعفیٰ پوسٹ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے لکھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین نامزد کیا تھا اور گورننگ بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا، استعفیٰ دینے کے لئے وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظار کر رہا تھا اب رضاکارانہ طور پر استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔

نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میری نیک تمنائیں  پی سی بی اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں عید کی مبارک باد دیتے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ بھی لکھا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد خبریں گردش میں تھیں کہ نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا جب کہ نجم سیٹھی اس حوالے سے خاموش تھے تاہم اب وزیر اعظم عمران خان کے عہدہ سنبھالنے اور پی سی بی کے پیٹرن ان چیف بننے کے بعد انہوں نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔