ٹرین کے پیچھے X کا نشان اور بسکٹ میں سوراخ کیوں ہوتے ہیں؟

1051

موجودہ دور میں انسانی زندگی مشین کی طرح تیز ہوگئی ہے اور لوگ اپنے معمول کے کام چیزوں پرغور کیے بغیر انجام دیتے ہیں۔ مثلاً ٹرین میں سفر کرتے وقت اس میں موجود چیزوں کے متعلق شاید ہی کبھی کوئی غور کرتا ہو یا بسکٹ کھاتے وقت شاید ہی کبھی لوگوں نے سوچا ہو کہ یہ کیسے بنتے ہیں۔

ٹرین کے پیچھے’’ایکس‘‘ (X) کانشان کیوں ہوتاہے؟

آپ نے کبھی نہ کبھی ٹرین میں ضرور سفر کیا ہوگا اورٹرین کے پیچھے کراس (ایکس) کا نشان بھی دیکھا ہوگا۔ لیکن کیا آپ نے کبھی اس نشان کے متعلق سوچا کہ ٹرین کے آخر ی ڈبے پر یہ نشان کیوں بنایا جاتا ہے؟

ٹرین کے آخری ڈبے پر ’ایکس‘ کا نشان اس لیے بنایا جاتا ہے تاکہ ریلوے میں کام کرنے والے ملازمین اس نشان کو دیکھ کر سمجھ سکیں کہ ٹرین گزر چکی ہے اور اگر ٹرین کے ڈبے پر یہ ’ایکس‘ کا نشان نظر نہ آئے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹرین ابھی پوری طرح نہیں گزری ہے یا پھر ٹرین کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوگیا ہے اور اس کی کچھ بوگیاں غائب ہیں جس کے باعث ریلوے ملازمین کو بروقت ہوشیار کردیا جاتا ہے اور کسی سنگین حادثے سے بچا جاسکتا ہے۔

بسکٹ میں سوراخ کیوں ہوتے ہیں؟

بسکٹ کا شمار ہلکی پھلکی غذاؤں میں ہوتا ہے۔ بسکٹ کو بچوں کے ساتھ بڑے بھی بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مہمانوں کی تواضع کےلیے بھی اکثر بسکٹ رکھے جاتے ہیں۔ لیکن بسکٹ کھاتے وقت کیا آپ نے کبھی  غور کیا ہے کہ بسکٹ پر ننھے ننھے سوراخ کیوں ہوتے ہیں؟

بسکٹوں کی تیاری کے وقت اوون (تندور) میں ڈالنے سے قبل اس کے آٹے میں اوپری سطح پرننھے ننھے سوراخ کیے جاتے ہیں۔ یہ سوراخ اس لیے کیے جاتے ہیں تاکہ اوون میں  جب بسکٹوں کے پکنے کا مرحلہ شروع ہو تو اندر بننے والی بھاپ ان سوراخوں کے ذریعے باہر نکل جائے۔ اگر یہ بھاپ باہر نہ نکلے تو بسکٹوں کے ٹوٹنے اور ان پر بدنما نشانات پڑنے کا خطرہ ہوتا ہے۔