عمران اسماعیل نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

8

کراچی: (فلک نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے سندھ کے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ان سے حلف لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے سندھ کے 33ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے، حلف برداری کی یہ تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے نومنتخب گورنر سے حلف لیا۔

یاد رہے کہ گورنر سندھ کی حیثیت سے نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وہ یہ عہدہ ملنے پر اللہ تعالی، اپنے والدین اور اہلخانہ کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے یہاں تک پہنچا۔

انہوں نے اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا، مجھ پر اعتماد کرنے پر پی ٹی آئی کارکنوں کا بھی شکر گزار ہوں۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ کے مسائل کے حل کئلیے وفاق اور صوبے میں پُل کا کردار ادا کروں گا۔ سندھ کے عوام مجھے اپنے درمیان پائیں گے، سندھ کی ترقی میری اولین ترجیح ہو گی۔

یاد رہے کہ محمد زبیر کے مستعفی ہونے کے بعد سے گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا اور آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے تھے۔