’سوئی دھاگا‘ دیکھ کر انوشکا پر فخر ہورہا ہے، کوہلی

17

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے کہا ہے کہ فلم سوئی دھاگا دیکھ کر انہیں  بیوی پر فخر ہورہا ہے۔

گزشتہ روز ممبئی میں اداکار ورون دھون اور انوشکا شرما کی فلم’’سوئی دھاگا‘‘کی اسپیشل اسکرین منعقد کی گئی جس میں انوشکا شرما، ویرات کوہلی اور کرکٹر ظہیر خان سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔

فلم دیکھنے کے بعد کوہلی نے ٹوئٹر پر انوشکا کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے کہا ’’میں نے سوئی دھاگا دوسری بار دیکھی ہے اور یہ مجھے پہلی بار سے بھی زیادہ اچھی لگی ہے، فلم کی پوری کاسٹ نے بہت عمدہ پرفارمنس دی ہے۔‘‘

ایک اور ٹوئٹ میں ویرات کوہلی نے لکھا’’فلم میں ورون دھون کی پرفارمنس اچھی تھی لیکن انوشکا شرما کے کردارممتا نے میرا دل جیت لیا، انوشکا کی بہترین اداکاری آپ کو ان سے محبت کرنے پر مجبور کردے گی، فلم دیکھنے کے بعد مجھے اپنی اہلیہ پر بے حد فخر محسوس ہورہا ہے، لہٰذا فلم ضرور دیکھئے گا۔‘‘

واضح رہے کہ انوشکا شرما اورورون دھون کی فلم’’سوئی دھاگا‘‘آج ریلیز ہورہی ہے۔