اوسلو- پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی 30 ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم اصغر کائرہ کا خطاب

67

اوسلو(عامر بٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 30 ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے انفارمیشن سیکریڑی چوہدری اسماعیل سرور اور رہنما راجہ عاشق حسین کی جانب سے اوسلو میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سے پیپلز پارٹی پنجاب کے مرکزی رہنما ندیم اصغر کائرہ نے خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کا آغاز خالد اسحاق نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ پیپلزپارٹی ناروے کے نائب صدر اصغر علی شاہد نے مہمان خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیااور انہیں بلاول بھٹو کے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اوسلو کی ممتاز شخصیت اور پیپلز پارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے اصغر ندیم کائرہ کو خوش آمدید کہا اور تمام مہمانوں کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اصغر ندیم کائرہ نے موجودہ سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ الیکشن اور سابقہ الیکشنز میں پیپلزپارٹی کو پنجاب میں ناکام کرنے کے لیے بعض اداروں نے اپنا کردار خوب نبھایا۔ انہوں نے میڈیا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ کو زیادہ کوریج دی گئی جبکہ پیپلزپارٹی کو نظر انداز کیا گیا۔ انہون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کے مشن کو پورا کر کے عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کے ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی۔ تقریب سے لیبر پارٹی اوسلو کے مرکزی رہنما ڈاکٹر راجہ مبشر بنارس نے بھی خطاب کیا اور بلاول بھٹو کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے آخر میں سالگرہ کی خوشی میں کیک کاٹا گیااوربلاول بھٹو زرداری کی درازی عمر کے لیے دعا کی گئی۔