متنازعہ بیان پرلیگی رہنما رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل

21

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے متنازعہ گفتگو پر رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے۔

فلک نیوزکے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کی متنازعہ بیان پر پارٹی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے متنازعہ گفتگو پر رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کی۔

مریم اورنگزیب کے مطابق رانا مشہود سے باز پرس کے لئے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، راجہ ظفر الحق، سردار ایاز صادق اور رانا تنویر پر مشتمل کمیٹی تحقیقات کرے گی کہ رانا مشہود نے بیان کیوں اور کس کی ایما پر دیا، تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں رانا مشہود سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا مشہود کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اب اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں اور معاملات کو درست کرنے میں شہباز شریف کا بہت بڑا کردار ہے، اسی طرح چلتا رہا تو 2 ماہ کے بعد پنجاب میں (ن) لیگ دوبارہ حکومت بنائے گی