حکومت نے عوام کو مہنگائی کی دوزخ میں جھونک دیا، مریم اورنگزیب

5

لاہور: (فلک نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق وزیر اطلاعات اور ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوم کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر حکومت آئی ایم ایف کے پاس گئی؟ ایک دن میں ڈالر کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہونا اتفاق نہیں، سٹاک مارکیٹ میں تاریخی مندی کی قوم کو وجہ بتائی جائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنت کے جھوٹ بولنے والی حکومت نے عوام کو مہنگائی کی دوزخ میں جھونک دیا۔ آئی ایم ایف کی ڈیل سے پہلے ہی گیس اور بجلی کی قیمتیں کیوں بڑھائی گئیں؟

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، انھیں اس کام پر گرفتار کیا گیا جو انھوں نے خود رکوایا تھا، انھیں محض ایک مفروضے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ غیر ملکی ایجنڈے پر کام کیا جا رہا ہے اور کچھ ممالک کو راضی کرنے کے لیے سی پیک کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔