پارا چنار میں دو دھماکوں میں 12 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

13

پارا چنار میں دو دھماکوں میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

فلک نیوز کے مطابق پارا چنار میں کڑمان اڈہ کے قریب لوگ عید کی خریداری میں مصروف تھے کہ یکے بعد دیگرے دو روز دار دھماکے ہوگئے جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 50  سے زائد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے پارا چنار اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ میڈیکل اسٹاف کی عید کی چھٹیاں منسوخ کرکے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیٹیکل ذرائع کے مطابق 30 سے زائد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ شدید زخمیوں کی پشاور منتقلی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان بھی پارہ چنار میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جب کہ آرمی ایوی ایشن کے 2 ہیلی کاپٹر بھی پشاور سے پارہ چنار روانہ کردیے گئے ہیں۔