وزیراعظم عمران خان کی عرب امارات کے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت

9

وزیر اعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جو کراؤن پرنس نے قبول کرلی۔

فلک نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کو فون کیا اور پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیر اعظم نے کراؤن پرنس کو اپنی حکومت کے وژن کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم کی دعوت قبول کرلی ہے اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے نئی حکومت اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد کرنے میں کامیاب ہوگی۔

واضح رہے کہ  18 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات  کے اعلیٰ سطح وفد کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم اگلے ہی روز 19 اکتوبر کی وزیر اعظم عمران خان کی  قطری وزیر خارجہ سے ملاقات طے تھی جس کے باعث یو اے ای کے وفد نے دورہ پاکستان ملتوی کردیا تھا۔