قوم کیلئے خوشخبری ہےسعودی عرب سے زبردست پیکیج مل گیاہے۔وزیراعظم عمران خان

11

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے  کہا ہے کہ سعودی عرب سے زبردست پیکیج مل گیا، اب آئی ایم ایف سے بہت زیادہ قرضہ نہیں لیں گے ۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی اقساط واپس کرنے کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت تھی، اگر قرضے نہ لیتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا، ہم پر بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن سعودی عرب نے ہمیں اچھا پیکیج دے دیا ہے اب ہمیں آئی ایم ایف سے بڑا قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں دباؤ ڈال کر حکومت سے این آر او لینا چاہتے ہیں یہ جماعتیں کان کھول کر سن لیں یہ جو مرضی کرلیں انہیں کوئی این آر او نہیں دیں گے، یہ جماعتیں احتجاج کریں سڑکوں پر نکلیں ہم انہیں کنٹینر اور سہولیات دیں گے لیکن کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور ان کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ان لوگوں پر مقدمات نہیں بنائے یہ کیسز تو سابقہ حکومت میں بنے ہیں، ہم تو صرف آڈٹ کروارہے ہیں اور ان مقدمات پر یہ ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم عوام مت گھبرائیں ہم کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور سب کا احتساب کریں گے۔