حکومت کا امریکا اور برطانیہ میں نئے سفیر تعینات کرنیکا فیصلہ. شاہ محمود قریشی

7

اسلام آباد: (فلک نیوز) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ حکومت نے امریکا اور برطانیہ میں تعینات پاکستانی سفیروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قرشی نے کہا کہ حکومت نے نفیس زکریا کو لندن جبکہ اسد مجید خان کو واشنگٹن میں پاکستان کا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت امریکا میں اس وقت پچھلی حکومت کے مقرر کردہ سفیر علی جہانگیر صدیقی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں، انھیں شاہد خاقان عباسی کی وزارتِ عظمیٰ میں واشنگٹن بھیجا گیا تھا۔

علی جہانگیر کی تعیناتی پر اپوزیشن اور کئی سابق سفیروں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اسے ذاتی تعلق کی بنیاد پر کیا جانے والا فیصلہ قرار دیا تھا۔

سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے علی جہانگیر صدیقی کو آٹھ مارچ کو امریکا میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان یو اے ای کے تیل کا بڑا خریدار ہے، برادر اسلامی ملک سے ریلیف چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارا تعلق سی پیک تک محدود نہیں ہے، وزیراعظم چین میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات پہلے سے زیادہ تشویشناک ہیں، اب تحریک کی باگ ڈور پڑھے لکھے نوجوانوں نے سنبھال لی ہے، بھارت کو پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔