ناروے کی سرزمین پر پہلی محفل قرآن مجید منعقد، جس میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قاری خالد رضا قادری کی خصوصی شرکت

9

اوسلو(عقیل قادر) اسلامک کلچر سینٹر ناروے کی جانب سے اوسلو میں محفل قرآن کے نام سے حسن قرات کی عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں مدینہ منورہ سے الشیخ سعد نعمانی، برطانیہ سے قاری اسحاق جسات، صومالیہ سے محمد جیدو محسنی، افغانستان سے قاری ابراہیم نعیم اور پاکستان سے خالد رضا قادری اور قاری نور علی سیالوی شامل ہیں۔ محفل قرآن میں تمام کمیونٹیزسے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اسلامک کلچر سینٹر ناروے میں مسلمانوں کی روحانی و اخلاقی تعلیم و تربیت کے لیے مختلف مواقع پرپروگرام تشکیل دئیے جاتے ہیں جن میں کمیونٹی کے تمام افراد مستفیدہوتے ہیں۔ اسلامک کلچر سینٹر نے دلوں کو قرآن پاک کی تلاوت سے منور کر دینے والی ایک ایسی ہی محفل کا انعقاد کیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے آئمہ کرام نے بھی شرکت کی۔ محفل قرآن کا آغاز کم سن بچے محمد ذکریا نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ محمد ابراہیم، فاطمہ اور مریم نے قرآن پاک حفظ کرنے کے حوالے سے خوبصورت منقبت پیش کی۔ قرآء حضرات نے خوبصورت اور دلکش انداز میں تلاوت قرآن پاک کر کے سماء باندھ دیا اور حاضرین لذت قرآن سے جھوم اٹھے۔ مہمان خصوصی قاری الشیخ سعد نعمانی کو اللہ پاک نے ملکہ عطا کیا ہے کہ وہ عربی طرز میں 100 کے قریب مختلف انداز میں تلاوت قرآن کرتے ہیں۔ الشیخ سعد نعمانی نے مختلف انداز میں تلاوت کر کے حاضرین پر سحر طاری کر دیا اور حاضرین سبحان اللہ ، ماشاء اللہ سے داد دیتے رہے۔ ڈاکٹر حامد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو قرآن کی محبت دینا ہی کامیابی کا زینہ ہے اور ایسی محافل سے قرآن سے رابطہ مزید مضبوط ہو گا۔ تقریب میں شریک لوگوں کا کہنا تھا کہ محفل قرآن میں شرکت کرنے سے قرات سے انسیت پیدا ہوئی ہے ، دلکش اور خوبصورت آواز سے کلام اللہ سننے سے ایمان کو تقویت اور دل منور ہوئے۔