سوزوکی کمپنی نے نئی ویگن آر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

27

لاہور: (ویب ڈیسک) گاڑیاں بنانے والے مشہور ادارے سوزوکی نے نئی ویگن آر کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

سوزوکی نے ویگن آر گاڑی کو سب سے پہلے 1999ء میں متعارف کرایا تھا جو پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ اس کا نیا ورژن 23 جنوری کو پڑوسی ملک بھارت میں متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی بکنگ کا سلسلہ ابھی سے شروع بھی ہو گیا ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر ای بکنگ کا آپشن بھی موجود ہے۔ اور اس گاڑی کا نیا ورژن یہاں کب تک آئے گا، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے انجن کی بدولت گاڑی پہلے سے زیادہ طاقتور اور کارکردگی متاثر کن ثابت ہوگی جبکہ ایندھن کا استعمال بھی کم ہوگا۔ سوزوکی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس گاڑی کو بھارت میں گیارہ ہزار روپے کے عوض بک کرایا جاسکتا ہے جبکہ نئی ویگن آر میں پہلے سے زیادہ بہتر انجن دیا گیا ہے۔ اس گاڑی کو کمپنی نے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ مستحکم، مضبوط اور محفوط قرار دیا ہے۔

اس نئی گاڑی میں مسافروں کے تحفظ کیلئے نئے فیچرز دیئے جا رہے ہیں جن میں اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (اے بی ایس)، الیکٹرونک بریک فورس ڈسٹری بیوشن(ای بی ڈی)، فرنٹ سیٹ ریمائنڈر، اسپیڈ الرٹ سسٹم اور رئیر پارکنگ سنسرز قابل ذکر ہیں۔

بھارت میں تھرڈ جنریشن ویگن آر کی قیمت ساڑھے 4 لاکھ سے ساڑھے 5 لاکھ بھارتی روپے (8 لاکھ 88 ہزار پاکستانی روپے سے 10 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

سوزوکی کی جانب سے ویگن آر میں سمارٹ پلے سٹوڈیو انفوٹینمنٹ بھی فراہم کیا جائے گا جو مسافروں کو گانے سننے کے ساتھ خبروں کی تلاش، موسم کے حال اور کھانے پینے کے مقامات ڈھونڈنے میں مدد بھی فراہم کرے گا۔